اتوار 14 جون 2026 - 12:08
جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ ہندوستان کا اہم علمی اقدام، علامہ عقیل الغروی کے درسِ اصولِ فقہ کا آغاز

حوزہ/ مولانا ابن حسن املوی نے بتایا کہ جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ (شاخ ہند) کے زیر اہتمام آن لائن "درسِ اصولِ فقہ" کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ اس اہم علمی پروگرام کے لیے معروف عالمِ دین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید عقیل الغروی کو استاد کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، جن کے دروس سے ہندوستان کے مختلف علاقوں کے فضلاء اور طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ (شاخ ہند) کے زیر اہتمام آن لائن "درسِ اصولِ فقہ" کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ اس اہم علمی پروگرام کے لیے معروف عالمِ دین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید عقیل الغروی کو استاد کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، جن کے دروس سے ہندوستان کے مختلف علاقوں کے فضلاء اور طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔

سربراہ مجمع علماء و واعظین پوروانچل، مولانا ابن حسن املوی کے مطابق جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ (شاخ ہند) کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید کمال حسینی کی کوششوں سے اس علمی منصوبے کو عملی شکل دی گئی۔ اس سلسلے میں انہوں نے علامہ سید عقیل الغروی سے ملاقات کی اور انہیں درسِ اصولِ فقہ کی تدریس کی ذمہ داری سونپی۔ بعد ازاں اس پروگرام کا باقاعدہ اعلان کیا گیا اور 20 شوال 1447ھ مطابق 9 اپریل 2026ء سے دروس کا آغاز کر دیا گیا۔

ان کے مطابق یہ آن لائن درس ہر ہفتے جمعرات اور جمعہ کو منعقد ہوتا ہے، جس میں ہندوستان کے مختلف حوزاتِ علمیہ اور علمی مراکز سے وابستہ فضلاء اور طلبہ شرکت کر رہے ہیں۔

اس اقدام کو ہندوستان کے دینی و علمی حلقوں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ "درسِ اصولِ فقہ" کی روایت ہندوستان میں نئی نہیں، بلکہ ماضی میں بھی لکھنؤ سمیت مختلف علمی مراکز میں ایسے دروس کا سلسلہ موجود رہا ہے۔

سربراہ مجمع علماء و واعظین پوروانچل کے مطابق موجودہ دور میں جب ہندوستان میں علماء، فضلاء اور طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، اعلیٰ فقہی تعلیم کے فروغ کے لیے اس نوعیت کے دروس کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔ اسی تناظر میں آن لائن درسِ اصولِ فقہ کے آغاز کو ایک خوش آئند اور دوررس علمی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

مولانا ابن حسن املوی واعظ نے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ (شاخ ہند) کے اس انتخاب کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس درس کے ذریعے ملک میں فقہی اور اصولی مطالعات کو مزید فروغ ملے گا اور اہلِ علم کی ایک نئی نسل تیار ہوگی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha